ریاض ،9؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)یمن میں آئینی حکومت کے خلاف برسرجنگ ایران نواز حوثی باغیوں کی تازہ تصاویر سامنے آئی جن میں انہیں ایران کی طاقت ور فورس پاسداران انقلاب کی وردی کے مشابہ یو نیفارم میں دیکھا جاسکتا ہے۔ سعودی اور یمن کی سرحد پرسعودی فوج کی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے حوثی باغیوں کی تصاویر موصول ہوئی ہیں۔ ان تصاویر سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مقتول حوثی باغیوں نے پاسداران انقلاب کی طرز کے سبزی مائل رنگ کے یونیفام پہن رکھے ہیں۔حوثیوں کی فوجی وردی پر بنے پرچم اور ملک کی علامت کے نشانات صاف بتاتے ہیں کہ یہ پاسداران انقلاب کی وردی ہے۔حوثی باغیوں نے نہ صرف پاسداران انقلاب کے یونیفارم کے مشابہ وردی پہن رکھی ہے بلکہ وردی پر پاسداران انقلاب کے بریسلٹ بھی نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔ عموما یہ بریسلٹ پاسداران انقلاب کے فوجی شام کے محاذ جنگ پر پہنتے رہے ہیں۔